پی ٹی آئی ایک دہشت گرد جماعت ہے، مریم نواز
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ ایک دہشت گرد جماعت ہے جس کے سرغنہ نے قانون اور سزا سے بچنے کے لیے شرپسند اور تربیت یافتہ دہشت گرد اپنے گھر میں رکھے ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت یا عمران خان کو سیاسی لیڈر کہنا، کئی دہائیوں پر پھیلی سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کی تذلیل ہوگی۔ اپنے ٹوئٹس میں مریم نواز نے کہاکہ پاکستان میں سیاسی رہنماؤں اور سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ نہتے جدوجہد کی اور قربانیاں دیں۔ یہ مناظر آج سے پہلے صرف دہشت گردی کے حوالے سے دیکھنے کو ملے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ضمانت پارک میں صرف ایک خاتون موجود ہے تو پولیس پر اندر سے گولیاں اور پیٹرول بمب کون برسا رہا ہے؟ ۔ انہوں نے کہاکہ سیاست دان بہادر ہوتے ہیں، گرفتاری اور احتساب سے نہیں ڈرتے۔ گرفتاری اور احتساب سے صرف چور، ڈاکو اور دہشت گرد ڈرتے ہیں۔ مریم نواز نے کہاکہ گرفتاری سے زیادہ خوف اپنے مکروہ اعمال کا ہے! یہ سیدھا اعتراف ہے کہ مقدمات سچے ہیں۔