مقبوضہ کشمیر :”ایس آئی اے“ نے سرجان برکاتی اورد یگر کے گھروں پر چھاپے مارے
مقبوضہ کشمیر میں نئی دہلی کے زیر کنٹرول سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی نے مختلف اضلاع میں آزادی پسند رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایس آئی اے نے شوپیاں، کولگام، اسلام آباد، سری نگر اور دیگر علاقوں میں متعدد مقامات پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے معروف رہنما مولانا سرجان برکاتی اور دیگر آزادی پسند وں کے گھروں پر چھاپے مارے ۔ چھاپوں کے دوران رہائشیوں کی جائیداد کے کاغذات اور موبائل فون قبضے میں لیے گئے ۔
فسطائی مودی حکومت نے ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں حریت کارکن محمد عبداللہ میر کی جائیداد ضبط کر لی۔ مودی حکومت حریت رہنماؤں، کارکنوں اور تنظیموں کی جائیدایں ضبط کر رہی ہے تاکہ انہیں تحریک آزادی کے ساتھ وابستگی کی سزا دی جا سکے۔
بھارتی تحقیقاتی ادارے کی خصوصی عدالت نے دو کشمیری صحافیوں فہد شاہ اور عبدالاعلیٰ فاضلی کے خلاف گزشتہ برس درج بغاوت کے ایک جعلی مقدمے کے سلسلے میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔ یہ مقدمہ اعلیٰ فاضلی کے تحریر کردہ ایک مضمون ”غلامی کی بیڑیاں ٹوٹ جائیں گی‘ سے متعلق ہے جو ”کشمیر والا“کے چیف ایڈیٹر فہد شاہ نے اپنے پورٹل میں شائع کیا تھا۔ این آئی اے نے اپنی فرد جرم میں دعویٰ کیا کہ صحافی نیوز پورٹل کے ذریعے بھارت مخالف بیانیہ پھیلا رہے تھے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی مسلسل حمایت پر اسلامی تعاون تنظیم کو سراہا ہے۔ حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ او آئی سی کے رابطہ گروپ کے مشترکہ اعلامیے نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حوصلے بلند کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کی غیر متزلزل حمایت جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔