چمن :پاک افغان بارڈرکراسنگ پرافغان فوجی کی بلااشتعال فائرنگ ،2پاکستانی جاں بحق
چمن میں پاک افغان بارڈرکراسنگ پرافغان فوجی کی بلااشتعال فائرنگ سے دو پاکستانی جاں بحق ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ زیرو لائن پر دوستی گیٹ پر پیش آیا۔اس واقعے میں ایک بچہ زخمی بھی ہوا۔ پاکستانی دستوں نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا اور جاں بحق شہریوں کے جسد خاکی اور زخمی بچے کو ڈی ایچ کیو ہسپتال چمن منتقل کر دیا گیا۔ پاکستان نے افغان حکام سے اشتعال انگیزی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے مجرم کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔عبوری افغان حکومت سے اس توقع کا اظہار کیا گیا ہے کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے گا۔پاکستان مثبت، تعمیری دوطرفہ تعلقات کے ذریعے امن، خوشحالی، ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ایسے ناخوشگوار واقعات سے خلوص نیت اور بامقصد نکات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔