آج رات سے یکم جون تک بالائی علاقوں میں آندھی اور بارش کا امکان
محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے شہریوں کو خوشخبری سنا دی، محکمہ موسمیات نے آج رات سے یکم جون تک بالائی علاقوں میں آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس دوران وسطی پنجاب،خیبرپختونخواہ ،بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، زیارت اور بارکھان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم بعد از دوپہرجھکڑ چلنے کی توقع ہے، دن کا درجہ حرارت معمول سے 03 سے 05 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا ، بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا جبکہ شام میں آندھی او رجھکڑ چلنے جبکہ دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر بالائی اضلاع شدید گرمی کی لہرکے زیراثر رہیں گے، دن کا درجہ حرارت معمول سے 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا البتہ ساحلی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا ۔