این ڈی ایم اے کے زیر اہتمام اسلام آباد میں مون سون کے حوالے سے کانفرنس
قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے کے زیراہتمام اسلام آباد میں مون سون کے حوالے سے کانفرنس ہوئی۔اس موقع پر مون سون کے دوران ممکنہ سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے مربوط منصوبہ بندی اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔کانفرنس میں بتایا گیا کہ رواں سال مون سون کے دوران ملک بھر میں معمول سے چالیس سے ساٹھ فیصد زیادہ بارشیں متوقع ہیں جس کے باعث دریاؤں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔
محکمہ موسمیات کےحکام کے مطابق مون سون میں شمالی پنجاب ، جنوبی سندھ اور بلوچستان کے علاقے زیادہ متاثر ہونے کا امکان ہے ۔ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں گلیشیئرز پگھلنے اور جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلاب آ سکتاہے ۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ممکنہ قدرتی آفات سے نمٹنے کےلئےتمام وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے،مشترکہ اقدامات اور تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اےمون سون کے دوران تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ ملکرکسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے مؤثر روابط اور تعاون کو یقینی بنائے گا۔