ٹاپ سٹوری

  • Jun 16, 2024

عید الاضحی کے موقع پر وزیراعظم کا ایران کے قائم مقام صدر کو ٹیلی فون

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام صدر عزت مآب محمد مخبر سے عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

وزیراعظم نے ایران کی حکومت، برادر عوام اور بالخصوص سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

رواں برس اپریل میں مرحوم ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے پاکستان کے تاریخی دورے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دورے کے دوران طے شدہ اہم مقاصد کے حصول کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کیا جاسکے۔

وزیراعظم نے 28 جون 2024 کو ایران میں آئندہ صدارتی انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لیے ایرانی حکومت کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔