ملک بھر میں آج یوم شہداء پولیس منایا جا رہا ہے
پولیس کے شہیدافسران اوراہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھرمیں بھی یوم شہداءپولیس منایاجارہا ہے۔۔دن منا نے کا مقصدملک کی داخلی سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستان پولیس کے بہادر جوانوں اور افسران کو خراج عقیدت پیش کر نا ہے۔۔
چنیوٹ میں شہید پولیس افسران اورجوانوں کے ایصال ثواب کیلئے پولیس لائن میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پرشہداکے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔چنیوٹ میں پولیس شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مختلف تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ یادگار شہداء پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔
لکی مروت میں یوم شہداء پولیس کے موقع پر پولیس لائنز میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ضلعی انتظامیہ،پولیس افسران اور شہداء کے اہلخانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پرمقررین نےاپنی تقاریر میں شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے لئے پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، اس موقع پر شہداء کے اہل خانہ میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس لائن میں تقریب کا انعقاد کیاگیا۔پولیس افسران نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اورشہداءکیلئے فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے پاکستان کی سلامتی، امن اور ترقی کیلئے دعا مانگی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
قصور میں شہدا پولیس کی یاد میں تین مختلف مقامات پر شمعیں روشن کی گئیں۔ان تقاریب میں ضلعی انتظامیہ ،پولیس افسران ،شہداءکے اہلخانہ اورزندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔۔اس موقع پرقصور میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدپولیس افسران اورجوانوں کیلئے دعابھی کی گئی