بنگلہ دیش میں حالات معمول پر آنے شروع،دفاتر اور تعلیمی ادارے کھل گئے: بنگلہ دیشی صدر کا خالدہ ضیا سمیت تمام سیاسی رہنماؤں کو رہا کرنے کا حکم
بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہوکر ملک سے چلے جانے کے بعد حالات معمول پر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ کرفیو اٹھالیا گیاہے، دفاتر اور تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔ بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین نے شیخ حسینہ واجدکے ملک چھوڑنے کے بعد رواں سال جنوری کے انتخابات کے بعد تشکیل پانے والی پارلیمنٹ کو تحلیل کردیا ہے۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا سمیت تمام سیاسی رہنماؤں کو رہا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ صدر شہاب الدین نے قوم سے خطاب میں کہاہے کہ فوج ملک میں امن وامان کی صورتحال پر قابو کرنے اور سرکاری اور نجی املاک کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔بنگلہ دیش میں طلبہ تحریک کے منتظمین نے نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کو عبوری حکومت کا سربراہ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ طلبہ تحریک کے رہنماؤں ناہید اسلام، آصف محمود اور ابوبکر مازوم دار نے ایک ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر محمد یونس کے زیر قیادت عبوری حکومت کا خاکہ پیش کیا ہے ۔