قومی

  • Aug 06, 2024

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس

حکومت نے کراچی شہر سے بس اڈوں کو باہر منتقل کرنے اور مسافروں کو مفت شٹل سروس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کراچی میں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بس اڈوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طور شہر سے باہر منتقل کیا جائے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شٹل سروس کینٹ اسٹیشن، صغیر شہید روڈ، ایم اے جناح روڈ اور الکرم اسکوائر سے شروع کی جارہی ہے، جس کے ذریعے مسافر پرانے بس اڈوں سے ٹرمینل تک مفت سفر کریں گے۔ مفت شٹل سروس 14 اگست سے شروع کی جائے گی۔مسافروں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے کراچی بس ٹرمینل پر پولیس کی چیک پوسٹ بھی بنائی جا رہی ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بھاری گاڑیوں کی وجہ سے شہریوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سڑکوں پر بھی دباؤ بڑھتا ہے۔ کوشش کی جائے گی کہ کراچی کے شہریوں اور مسافروں کو کسی بھی قسم کی تکلیف یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سینئر وزیر نے اجلاس میں ہدایت کی کہ ایسے اقدامات کو یقینی بنایا جائے کہ ٹرانسپورٹرز کو بھی نقصان نہ ہو اور مسافروں کو بھی ریلیف مل سکے۔