انڈس موٹرز پاکستان کی معروف کمپنیوں میں سے ایک ہے ،تنویرحسین
ایس آئی ایف سی کے تعاون کے باعث پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے عالمی آٹو موٹیو مارکیٹ میں گاڑیوں اور سپیئرپارٹس کی برآمد شروع کردی گئی ہے۔ انڈس موٹر کمپنی نے پورٹ قاسم اتھارٹی مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں منعقدہ تقریب میں اپنے اہم برآمدی اقدامات کا اعلان کیا۔ انڈس کمپنی ٹویوٹا فورچیونر، ہائی لکس اور کورولا کراس کے ماڈل کی گاڑیاں اور سپیئر پارٹس بر اعظم اوشیانیا کے ممالک کو برآمد کرے گی۔ وفاقی وزیرپیداواررانا تنویرحسین نے کہا کہ 'انڈس موٹرز پاکستان کی معروف کمپنیوں میں سے ایک ہے ،حکومت اور ایس آئی ایف سی کی پالیسیوں کا مقصد مقامی گاڑیوں اور سپیئر پارٹس کی برآمد کی حوصلہ افزائی کرکے آٹو موٹیو سیکٹر کو فروغ دینا ہے۔ انڈس موٹر کمپنی کے سی ای او علی اصغر جمالی نے کہا کہ ”بین الاقوامی سرحدوں کے پار ''میک اِن پاکستان'' کا خواب دیکھنا نہ صرف ہمارے لیے بلکہ پاکستان کیلئے بھی ایک بڑا لمحہ ہے ۔انڈس موٹر کمپنی ملک میں مقامی آٹوموبائل کے قیام میں بڑے پیمانے پر اپنا حصہ ڈال رہی ہے جس میں 50 پارٹس مینو فیکچررز روزانہ 250 ملین روپے سے زیادہ کے پارٹس بناتے ہیں۔ اس کیساتھ 57 مجاز ڈیلرز صارفین کو سیلز اور سروس کی سہولت فراہم کرتے ہیں جن کی بدولت پاکستان بھر میں ساڑھے چارلاکھ سے زیادہ لوگ برسرروزگار ہیں۔ ایس آئی ایف سی اورآٹوموبائل انڈسٹری کا یہ اقدام پاکستان کی معیشت کو محفوظ اور مضبوط بنانے کیلئے امید کی کرن ہے۔ دیگر شعبوں کی طرح ایس آئی ایف سی کا آٹوموبائل انڈسٹری میں تعاون بلاشبہ آنے والے وقت میں اس صنعت کو مزید ترقی سے ہمکنار کرے گا۔