مسلسل 10 ماہ سے جاری اسرائیلی بربریت سے تقریباَ 40 ہزارفلسطینی شہید،92ہزارزخمی
غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر مسلسل اسرائیلی ظلم و بربریت کو دس ماہ گزرنے کے باوجود حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں صیہونی حملوں میں24 فلسطینی شہید اور110 زخمی ہو گئے۔خان یونس پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری میں 6 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ دیر البلاح پر پناہ گزینوں کے خیموں اور گھروں پر اسرائیلی فوج کے حملے میں تین فلسطینی شہید اور 10 زخمی ہو گئے ۔ نابلوس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہیداورتین زخمی ہو گئے ہیں ۔ اسرائیلی فوج نے بوریج اورنصیرات پناہ گزین کیمپوں کے علاوہ غزہ شہر کے علاقوں تل الحوا اور زیتون پر بمباری کی ہے ۔ مغربی کنارے میں بھی قابض فوج کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں اورمزید26 فلسطینیوںکو گرفتار کیاگیاہے ۔گزشتہ سال 7 اکتوبر سے جاری صیہونی بربریت میں فلسطینی شہداء کی مجموعی تعداد 39 ہزار677 ہو گئی ہے جبکہ91 ہزار 645زخمی ہوئے ۔