انسا نیت کی خدمت سے سرشار پاکستانی مدر ٹریسا ڈاکٹر رتھ فاؤ کی برسی
انسا نیت کی خدمت سے سرشار پاکستانی مدر ٹریسا ڈاکٹر رتھ فاؤ کی آج سا تو یں برسی ہے ۔جذام جیسے موذی مرض میں مبتلا مریضوں کا ہمددردی سے علاج کرنا اور معاشرے میں جذام سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے جرمن خاتون ڈاکٹر رتھ فاو کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ۔
ڈاکٹر رتھ فاو 1929 میں جرمنی میں پیدا ہوئیں ۔ 1961 میں وہ پاکستان آئیں ۔ جذام کے مریضوں کے علاج اوران کی داد رسی کے لیے انہوں نے کراچی میں میری ایڈلیٹڈ لپرسی سینٹر قائم کیا ۔ بعد میں انہوں نے اس کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلا یا اور 157 لپرسی سینٹر قائم کیئے ۔
’’پاکستانی مدر ٹریسا ‘‘ کا خطاب پانے والی ڈاکٹر رتھ فاو چھپن برس تک انسانیت کی خدمت میں مصروف رہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے طب کے شعبے میں ان کی گرانقدر خدمات کے عوض انہیں متعدد ملکی اورغیر ملکی اعزازت سے نوازاگیا ۔ 1989 میں انہیں ہلال پاکستان ، ہلال امتیاز جبکہ 2010 میں ستارہ قائداعظم اور نشان قائد اعظم سے بھی نوازا گیا ۔ڈاکٹر رتھ فاو دس اگست 2017 کو کراچی میں انتقال کرگئیں تاہم ملک کی تاریخ میں جذام کے مریضوں کے علاج کے لیے ڈاکٹر رتھ فاو کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔