قومی

  • Sep 19, 2024

مجوزہ آئینی ترامیم ،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مشاورتی اجلاس

مجوزہ آئینی ترامیم کو آئین کے تناظر میں زیر بحث لانے کے لیے ملک بھر کی وکلا تنظیموں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ہونے والے وکلا مشاورتی اجلاس کےمتفقہ طور پر منظور کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ وکلا کمیٹی مجوزہ آئینی ترامیم پرایک ہفتے میں تجاویز پیش کرے گی. اعلامیے میں مزیدکہا گیا ہے کہ وکلا کمیٹی مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرے گی اور ترامیم کے حتمی مسودے کی تیاری تک اس عمل کا حصہ رہے گی۔

مجوزہ آئینی ترامیم کو زیر بحث لانے کے لیےقائم کی گئی کمیٹی میں پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین کے علاوہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور جنرل سیکرٹری سمیت صوبائی بار کونسلز کے وائس چیئرمین اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین شامل ہوں گے۔
وفاقی وزیر قانون سینٹر اعظم نذیر تارڑ نے وکلا کی طرف سے مجوزہ ائینی ترامیم کے حوالے سے سوالات کے جواب دیئےاور کہا کہ پارلیمنٹ قانون سازی کے حوالے سے بالادست ادارہ ہے، مجوزہ آئینی ترامیم وکلا برادری کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کا قیام کوئی نیا تصور نہیں، دنیا کے کئی ممالک میں ائینی عدالتیں کام کر رہی ہیں۔