ڈھونگ انتخابات کا مقصد مودی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کو جواز فراہم کرنا ہے
آزاد جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعظم اور آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں نام نہاد انتخابات کشمیریوں کے حق خودارادیت کا متبادل نہیں ہوسکتے ہیں ۔
سردار عتیق احمد خان نے کشمیرمیڈیاسروس کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہاکہ دس لاکھ سے زائد قابض بھارتی فوج کی موجودگی میں اور پوری حریت قیادت کو جیلوں میں قید کر کے منعقد کروائے جانیوالے ڈھونگ انتخابات کی کوئی ساکھ نہیں ہے۔ مسلم کانفرنس کے صدر نے کہا ہےکہ مودی حکومت اپنے 5اگست2019کے غیر قانونی اقدامات کو جواز فراہم کرنے کیلئے مقبوضہ علاقے میں انتخابی ڈھونگ رچا رہی ہے۔ خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیرکی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے 32لاکھ غیر کشمیری ہندوؤں کو جموں و کشمیر کے ڈومیسائل جاری اور ووٹ ڈالنے کا حق دیاگیا۔ جس کا مقصد انتخابات میں بی جے پی کو فائدہ پہنچانا تھا تاہم بی جے پی کشمیر میں انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کر سکتی۔