پنجاب حکومت کو بلوچستان میں سکول کے بچوں کی شہادت پردلی دکھ ہواہے: وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کو بلوچستان میں سکول کے بچوں کی شہادت پردلی دکھ ہواہے،انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتنی چاہئے۔عظمیٰ بخاری نے کہاکہ وزیراعلی ٰ پنجاب مریم نوازصوبے کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کی سہولت کیلئے پہلے سرکاری کینسرہسپتال کاسنگ بنیادرکھا،جس پر 54ارب روپے لاگت آئے گی اور ملک بھرسے آنے والے مریضوں کا علاج مفت ہوگا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ مستحق اقلیتی افراد کی مالی مددکیلئے مینارٹی کارڈ جاری کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ سموگ کا تدارک حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے جس کےلئے تمام صوبائی مشنیری ہنگامی بنیادوں پر کام کررہی ہے ۔سموگ کے خاتمے کیلئے پہلی بارپنجاب میں اینٹ کے بھٹوں کومسمارکیاگیا اور زراعت میں جدت لانے کےلئے صوبے کے کسانوں کو گرین ٹریکٹر دینے کےعلاوہ سبسڈی پر سپر سیڈر مہیا کئے جارہے ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی رہائی پر پی ٹی آئی نے تسلیم کیا ہے کہ ڈیل کے نام پر مفاہمت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کو ملکی ترقی اور عوام کی خدمت سے کوئی سروکار نہیں اور اب مارکیٹ میں’’ ہم ہی غلام ہیں‘‘کے نام سے پی ٹی آئی کانیاسٹیکر آنے والاہے۔عظمیٰ بخاری نے کہاکہ خیبرپختونخواکے وسائل بانی پی ٹی آئی اوران کی فیملی پرخرچ کئے جارہے ہیں۔