Menu
بے گناہ مسافروں پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں، وفاقی وزیر داخلہ
- نیوز ڈیسک
- March 12, 2025

وفاقی وزرا ء نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔۔ انہوں نے کہاکہ مسافر ٹرین پر حملہ کرنے والے دہشتگرد ملک وقوم کے دشمن ہیں اوریہ شرپسند عناصر کی مذموم سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے امن کو چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پوری قوم سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔پوری قوم مشکل کی اس گھڑی میں مسافروں کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہے کہ دشمن قوتیں بلوچستان میں دہشتگردی کے ذریعے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہی ہیں۔قوم کی حمایت سے ایسی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بے گناہ مسافروں پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ جعفر ایکسپریس حملے کےمعاملے پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سےمسلسل رابطےپر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کو ہر طرح کا تعاون فراہم کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے بھی جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے موثراور بروقت کاروائی، مسافروں کی رہائی پرسیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اس قسم کی بزدلانہ کارروائی کرنے والوں کا اسلام سے، بلوچستان سے اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ۔