Menu
پریمیئر لیگ،چیلسی،کرسٹل پیلس اور ویسٹ ہیم یونائیٹڈ نے اپنے میچز جیت لئے
- نیوز ڈیسک
- October 28, 2024

چیلسی نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں نیوکیسل یونائیٹڈ کو سخت مقا بلے کے بعد 1-2 گول سے ہرا دیا، کرسٹل پیلس کی ٹیم نے ٹوٹنہم ہاٹ پورکو 0-1گول سے ہرا دیا جبکہ ویسٹ ہیم یونائیٹڈ نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو ایک کے مقابلے میں دوگول سے ہرا دیا۔ پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں۔
سٹیمفورڈ برج، لندن، انگلینڈ میں کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں چیلسی نے سخت مقابلے کے بعد نیوکیسل یونائیٹڈ کو 1-2 گول سے ہرا دیا۔چیلسی کی فتح میں نکولس جیکسن اورکول پامرنے ایک ایک گول کر کے اہم کردار ادا کیا۔
نیوکیسل یونائیٹڈ کی جانب سے واحد گول الیگزینڈر اسک نے سکور کیا۔ سیلہرسٹ پارک، لندن میں کھیلے گئے میچ میں کرسٹل پیلس اور ٹوٹنہم ہاٹ پور کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں کرسٹل پیلس کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد ٹوٹنہم ہاٹ پور کی ٹیم کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔
کرسٹل پیلس کی جانب سے جین فلپ میٹیٹا نے واحد گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ لندن سٹیڈیم ،لندن میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ ہیم یونائیٹڈ اور مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیمیں پنجہ آزما تھیں جس میں ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی ٹیم نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گو ل سے ہرا دیا۔
ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی جانب سے کریسنسیو سمر ویل اور جیروڈ بوون نے ایک ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے واحد گول کیسمیرو نے سکور کیا۔ انگلش پریمیئر لیگ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 23 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر پہنچ چکی ہے جبکہ لیور پول کی ٹیم 22 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور آرسنل کی ٹیم تیسرے نمبر پر ہے۔