Menu
2024 ‘‘پاکستانی شوبز انڈسٹری کیلئے غم کا سال رہا،کئی نامور فنکار ہم سے بچھڑ گئے
- نیوز ڈیسک
- January 01, 2025
.webp)
2024 پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے غم کا سال رہا ۔ رواں سال کئی معروف فنکار جہان فانی سے کوچ کر گئے جن میں ادا کار خالد بٹ ،فلم ڈائریکٹر الطاف حسین ، موسیقار استاد طافو ، اداکار عابد کشمیری ،اداکار طلعت حسین، نیوزکاسٹر تسکین ظفر، ادا کار سردار کمال اور اداکارشبیر مرزا شامل ہیں ۔پاکستان کے سینیئر ادا کار خالد بٹ طویل بیماری کا سامنا کرنے کے بعد 11 جنوری 2024 کو انتقال کر گئے تھے۔
انہوں نے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی سے کیا، کئی اردو، پنجابی فلموں اور ٹی وی سیریز میں کام کیا۔ فلم ڈائریکٹر الطاف حسین 16 ستمبر کو فوت ہوئے، انہوں نے فلمی کیریئر کے دوران فلم ’’دھی رانی‘‘ ، ’’رانی بیٹی راج کرے گی‘‘ سمیت 80 سے زائد فلموں کی ہدایتکاری کی۔ نامور موسیقار استاد طافو 26 اکتوبر کو دنیا سے رخصت ہوئے۔ آپ نے نصیبو لعل سمیت متعدد نامور گلو کاروں کو متعارف کروایا، ان کا گانا’’ سن وے بلوری اکھ والیاں‘‘ بڑا مشہور ہوا۔ اداکار عابد کشمیری بھی اکتوبر میں انتقال کر گئے تھے۔تھیٹر ، ٹی وی اور فلم میں کام کیا۔
راشد ڈار پی ٹی وی کے سنہرے دور کا حصہ تھے، 20 مارچ کو کینسر کے مرض کے باعث 84 سال کی عمر میں انتقال کیا۔ریڈیو،ٹی وی سینما کے عظیم فنکار طلعت حسین 26 مئی کوکراچی میں انتقال کر گئے۔ انہیں پرائیڈ آف پر فارمنس اور ستارہ امتیاز سے نوازا گیا تھا ۔ پی ٹی وی کے سنہرے دور کی غمازی کرنے والی نیوزکاسٹر تسکین ظفر جون 2024 میں 67 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
سینما اور تھیٹر کے مزاحیہ ادا کار سردار کمال 52 برس کی عمر میں جولائی میں دل کا دورہ پڑنے کیباعث انتقال کر گئے۔ سینئر اداکار مظہر علی اکتوبر میں پھیپھڑوں اور دل کی بیماری کے باعث انتقال کر گئے ۔گیسٹ ہاوس ڈرامے سے شہرت حاصل کرنے والے شبیر مرزا ستمبر میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔اداکارہ شگفتہ اعجاز کے شوہر یحیی صدیقی کینسر سے لڑتے لڑتے ستمبر میں دنیا چھوڑ گئے ۔
اداکار راشدمحمود نے فلم انڈسٹری سے وابسطہ بچھڑ جانے والے فنکاروں کی یاد کے حوالے سے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال بہت سے فلم انڈسٹری کی مالا کے موتی بکھر گئے، ان فنکاروں کی یاد دل میں ہمیشہ تازہ رہے گی، بچھڑ جانیوالے ان فنکاروں کا خلا کبھی پورا نہیں ہو سکتا ۔ راشد محمود نے کہا کہ بہت سے نئے فنکار فلم انڈسٹری کا حصہ بنے ہیں،مجھے امید ہے کہ یہ فنکار فلم انڈسٹری کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔